قرآن میں اتحاد سے متعلق آیتیں:
قرآن کی بہت سی آیا ت میں بتا یا گیا ہے کہ مسلمان ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور انہیں اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ کام کرنا ہے اور رہنا ہے۔ان میں سے چند آیات مندرجہ ذیل ہیں:
"سارے مسلمان بھائی بھائی ہیں پس اپنے دو بھائیوں میں ملاپ کرا دیا کرو اور اللہ سے ڈرتے رہو تاکہ تم پر رہم کیا جائے-سورۃ الحجرات-۱۰"
"اور اللہ کی رسّی کو سب مل کر مضبوطی سے تھام لو اور پھوٹ نہ ڈالو۔ اور اللہ کی اس وقت کی نعمت کو یاد کرو جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے تو اس نے تمھا رے دلوں میں الفت ڈال دی، پس تم اسکی مہربانی سے بھائی بھائی ہو گئے اور تم آگ کے گڑھے کے کنارے پہنچ چکے تھے تو اس نے تمھیں بچا لیا-اللہ تعالٰی اسی طرح تمھارے لیے اپنی نشانیاں بیان کرتا ہے تاکہ تم ہدایت پاوَ۔ سورۃ آل عمران ۱۰۳"
"یہ لوگ آپ سے غنیمتوں کاحکم دریافت کرتے ہیں، آپ فرما دیجئے کہ یہ غنیمتیں اللہ کی ہیں اور رسول کی ہیں سو تم اللہ سے ڈرو اور اپنے باہمی تعلقات کی اصلاح کرو اور اللہ اور اسکے رسول کی اطاعت کرو اگر تم ایمان والے ہو-سورۃ الانفال 150 ۱"
"اور اللہ اور اسکے رسول کی فرمانبرداری کرتے رہو اور آپس میں اختلاف نہ کرو ورنہ بزدل ہو جاوَ گے۔ اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی اور صبر اور سہار رکھو یقینا اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔سورۃ الانفال-۴۶"
"اور جو انکے بعد آئیں جو کہیں گے کہ اے ہمارے پروردگار ہمیں بخش دے اور ہمارے ان بھائیوں کو بھی جو ہم سے پہلے ایمان لا چکے ہیں اور ایمان داروں کی طرف سے ہمارے دلوں میں کینہ نہ ڈال۔اے ہمارے رب تو بیشک شفقت اور مہربانی کرنے والا ہے۔ سورۃ الحشر -۱۰"
"کافر آپس میں ایک دوسرے کے رفیق ہیں، اگر تم نے ایسا نہ کیا تو ملک میں فتنہ ہو گا اور زبردست فساد ہو جائے گا-سورۃ الانفال ۷۳"
"تم ان لوگوں کی طرح نہ ہوجانا جنہوں نے اپنے پاس روشن دلیلیں آجانے کے بعد بھی تفرقہ ڈالا اور اختلاف کیا، انہیں لوگوں کے لیے بڑا عذاب ہے-سورۃ آل عمران-۱۰۵"
"اگر مسلمانوں کی دو جماعتیں آپس میں لڑ پڑیں تو ان میں میل ملاپ کرایا کرو پھر اگر دونوں میں سے ایک جماعت دوسری جماعت پر زیادتی کرے تو تم اس گروہ سے جو زیادتی کرتا ہے لڑو-یہاں تک کے وہ اللہ کے حکم کی طرف لوت آئے۔اور اگر لوٹ آئے تو انصاف کے ساتھ صلح کرادو اور عدل کرو بیشک اللہ انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے-سورۃ الحجرات-۹"