پیارے بچو! اس کتاب میں ہم اہم مسائل کے بارے میں بحث کریں گے جن کے متعلق آپ کو ضرورسوچنا چاہیے۔ سکول میں سب سے پہلے آپ کے اساتذہ آپ کو حروفِ تہجی سکھاتے ہیں۔ اس کے بعد وہ آپ کو اعداد اور حساب کتاب کے اسباق پڑھاتے ہیں۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آپ سکول کیوں جاتے ہیں اور یہ سب کچھ کیوں سیکھتے ہیں؟ کیا آپ نے کبھی سوچا یا اس پر کبھی حیران ہوئے؟ آپ میں سے اکثر کا جواب یہی ہو گا کہ جب ہم جوان ہوں گے، تب ایک باوقار پیشہ اختیار کرنے کے لیے یہ چیزیں سیکھنا ضروری ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کو تقریباً اس بات کا یقین ہے کہ آپ ایک دن ضرور جوان ہوں گے۔ یہ حقیقت ہے ،ہو سکتا ہے کہ ایک دن آپ کے آس پاس بچے آپ کو چچی یا خالہ‘ دادا یا نانا، ابو ،ماموں یا چچا کہہ کر پکاریں۔ یہ بالکل اسی طرح ہے جس طرح آج آپ اپنی چچی یا خالہ‘ دادا یا نانا ابو، چچا یا ماموں سے مخاطب ہیں۔ دوسرے الفاظ میں اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ نے آپ کے مقدر میں لکھا ہے تو آپ ایک دن ضرور جوان ہوں گے۔